بدنام زمانہ بین ریاستی ٹولی بے نقاب

   

تین افراد گرفتار، مسروقہ مال ضبط، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 680 گرام طلائی زیورات ساڑھے 9 کیلو چاندی کی اشیاء اور نقد رقم و موٹر سیکل کو ضبط کرلیا جن کی مالیت 28لاکھ 12 ہزار 9 سو بتائی گئی ہے۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 28 سالہ بی ناگاسائی عرف سائی عرف کرشنا عرف اجے جو سنگارینی کالونی وشاکھاپٹنم کا متوطن اور جیڈی میٹلہ علاقہ کا ساکن تھا، 28 سالہ سرینواس عرف سرینو، 29 سالہ نریش ساکن چندرائن گٹہ کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے اس ٹولی کی گرفتاری میں اہم رول ادا کرنے والے اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر کی ستائش کی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب یہ ٹولی مشتبہ طور پر ونستھلی پورم کے این جی اوز کالونی علاقہ میں گشت کررہی تھی۔ پولیس نے انہیں روک کر تلاشی لی جن کے ہمراہ سرقہ کرنے میں استعمال کی جانے والی اشیاء اور اوزار موجود تھا۔ پولیس نے انہیں حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کیا اور اس ٹولی کے جرائم کو فاش کردیا۔ پولیس کے مطابق ناگاسائی رات کے اوقات موٹرسیکل پر گشت کرتے ہوئے مکانات کی نشاندہی کرتا تھا اور موقع کا فائدہ حاصل کرتے ہوئے سرقہ کیا کرتا تھا۔