برازیل کو شکست ، فرانس کوارٹر فائنل میں داخل

   

پیرس ۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) فرانسیسی کپتان امانڈائنی ہینری کے اضافی وقت میں فیصلہ کن گول کی بدولت فرانس نے برازیل کو 2-1 سے شکست دیکر فیفا ویمنز ورلڈکپ فٹبال ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔مقررہ وقت پرمیچ 1-1 گول سے برابر تھا، اضافی وقت میں میزبان فرانسیسی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔اسٹاڈے اوشیانو فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن کسی کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔میچ کا دوسرا ہاف بھی سنسنی خیز رہا، فرانسیسی کھلاڑیوں کی خوبصورت موو کی بدولت 52 ویں میں منٹ میں ویلارائی گاون نے گول کرکے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلوا دی۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے برازیلین کھلاڑی نے 9 منٹ بعد گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابرکردیا۔ مقررہ وقت میں میچ فیصلہ کن نہ ہونے پر 15 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا اور کھیل کے 109 ویں منٹ میں فرانسیسی کپتان ہنری نے گول کرکے ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا، ٹیم کی کامیابی پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔