برطانوی شاہی جوڑے کی صدر پاکستان اور وزیراعظم سے ملاقات

   

اسلام آباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان اور صدرِ پاکستان عارف علوی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا جبکہ ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی شاہی جوڑے نے اس سے قبل ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے ملاقات کے دوران ذہنی امراض، موسمیاتی تبدیلیوں اور غربت کے خاتمے کیلئے شاہی خاندان کی خدمات کی تعریف کی۔برطانوی شاہی جوڑے نے بھی ماحولیاتی تبدیلیوں اور غربت کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ملاقات کے دوران پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی موجود تھے۔شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے اسلام ایباد کے ایک اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں سے بھی ملاقات کی۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے کام کرنے والے بچوں سے ملاقات کیلئے برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا دورہ بھی کیا۔