برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی کویتا سے ملاقات

   

نظام آباد۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کے کویتا سے برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر گیرتھ وِن اوون نے آج باضابطہ ملاقات کی۔ یہ ملاقات بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ رکشنا سینا کے مرکزی دفتر میں انجام پائی گئی۔اس موقع پر حیدرآباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک ایڈوائزر نلنی رگھو رامن بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران انڈیا اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور باہمی روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر تلنگانہ رکشنا سینا کے سینئر قائدین بھی موجود تھے اور انہوں نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
حج 2027 ء کے لئے اہم رہنمایانہ خطوط جاری
نلگنڈہ ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج 2027 کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے اہم رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں۔ سکریٹری حج کمیٹی جناب محمد افضل الدین نے بتایاکہ حج 2027 ء کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے جس کے پیش نظر حج کے خواہش مند افراد کو ابھی سے اپنی دستاویزات مکمل رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ حج کے لئے درخواست دینے والے تمام افراد کے پاس مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا ضروری ہے اور پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 31 ڈسمبر 2027 ء تک کارآمد ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دیتے وقت خاندانی نام (Surname) کا اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔یہ ہدایات ہندوستانی حج کمیٹی کے ذریعے حج پر جانے والے تمام عازمین پر لاگو ہونگی۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حج کمیٹیوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ عازمین میں پیشگی بیداری پیدا کریں اور انہیں ضروری معلومات سے آگاہ کریں تاکہ آخری وقت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ضلع حج کمیٹی جنرل سیکریٹری محمد افضل الدین نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ ابھی سے مکمل کرلیں اور مقررہ شرائط کے مطابق تیاریاں شروع کردیں۔