برطانیہ اور آسٹریلیا کا غزہ میں ’فوری لڑائی روکنے‘ کا مطالبہ

   

لندن ؍ کینبرا: برطانیہ اور آسٹریلیا نے غزہ میں ’فوری لڑائی روکنے‘ کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ دوسری جانب جنوبی شہر رفح میں زمینی کارروائی کے منصوبے کے خلاف اسرائیل پر سفارتی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ آسٹریلیائی اور برطانوی وزرائے خارجہ اور دفاع کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری ہوا ہے جس میں فوری لڑائی بند کرنے، امداد کی ترسیل اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا گیا ہے۔آسٹریلیا اور برطانیہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ’فوری جنگ بندی‘ کے مطالبہ کی قرارداد اقوام متحدہ میں پیش کرنی ہے۔ لندن کی جانب سے ’فوری لڑائی روکنے‘ کا مطالبہ اس بات کا عندیہ ہیکہ اسرائیلی آپریشن کے نتیجہ میں بڑھتی ہوئی ہلاکتیں برطانیہ کیلئے بھی پریشانی کا باعث بنتی جارہی ہیں۔
بیان میں برطانیہ اور آسٹریلیا نے کہا کہ ’مستقل اور پائیدار جنگ بندی کے لیے امداد کی ترسیل اور یرغمالیوں کی رہائی ایک اہم قدم ہے۔‘خیال رہے کہ امریکہ، روس، چین اور فرانس کے علاوہ برطانیہ بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔