برقی، آبرسانی اور جائیداد ٹیکس معاف کرنے کے مطالبات

   

حیدرآباد۔24مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں شہریوں کو لاک ڈاؤن کے سبب ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ان کے برقی و آبرسانی بلوں کو معاف کرنے کے علاوہ کم از کم ایک سال کا جائیداد ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کرے تاکہ شہر ی علاقو ںمیں رہنے والوں کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی میں حکومت کی اعانت ہوسکے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شہری علاقو ںمیں راحت رسانی کے نام پر کئے جانے والے اقدامات میں سفید راشن کارڈ رکھنے والوں کو چاول کی سربراہی کے اقدامات کے علاوہ انہیں 1500 روپئے کی فراہمی عمل میں لائی گئی لیکن جن لوگوں کے پاس سفید راشن کارڈ نہیں ہیں ان لوگوں کو جو نقصانات کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کیلئے کوئی منصوبہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست کے شہریوں کو اضلاع میں جن حالات کا سامنا ہے ان میں شہریوں کو مستقبل قریب میں شدید مالی بحران کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اسی لئے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے شہریوں کو راحت پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے برقی و آبرسانی کے بلوں کے ساتھ جائیداد ٹیکس کی معافی کا اعلان کرے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والے معاشی نقصانات سے پابجائی کو ممکن بنایا جاسکے ۔