صنعتوں کے قیام سے برقی طلب میں اضافہ ، انرجی سمٹ سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا خطاب
حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ برقی کی طلب کی تکمیل صرف اضافی برقی کی پیداوار سے ممکن نہیں بلکہ برقی کے موثر استعمال کے ذریعہ بھی بچت کرتے ہوئے طلب کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ بھٹی وکرمارکا حیدرآباد میں 25 ویں سی آئی آئی انرجی ایفیشینسی سمٹ 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری طورپر برقی کے استعمال کو روکتے ہوئے تیاری کے مصارف کو بچایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے برقی کے ہر شعبہ میں بہتر استعمال کے ذریعہ برقی کی طلب کی تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے موثر استعمال کے ذریعہ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ ممکن ہے بلکہ معیشت کا استحکام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی انرجی پالیسی کے تحت اس بات پر توجہ دی جاتی ہے کہ ریاست کی برقی پیداوار کی صلاحیت کیا ہے اور برقی تیاری کیلئے کوئلہ کس قدر دستیاب ہے۔ غیر روایتی برقی تیاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے ساتھ برقی پلانٹس کے قیام کی مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصری موٹرس اور اڈوانسڈ کولنگ سسٹم کے ذریعہ برقی کی بہتر انداز میں بچت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ صنعتی ترقی کے شعبہ میں تیز رفتار پیشرفت کر رہا ہے جس کے نتیجہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ انڈسٹریز ، مینوفیکچرنگ ، ڈیٹا سنٹرس ، لائیف سائنسیس اور الیکٹرانکس کے شعبہ جات میں برقی کی طلب میں اضافہ درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ برقی طلب میں اضافہ کا حل صرف اضافی برقی کی تیاری نہیں ہے بلکہ موثر استعمال کے ذریعہ برقی کی بچت کرنا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے آنے والے برسوں میں برقی کی طلب میں مزید اضافہ کا اشارہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست عالمی سطح پر انفراسٹرکچر کے مرکز میں تبدیل ہورہی ہے۔ حکومت نے 2047 تک تین ٹریلین ڈالر معیشت کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے ڈسمبر میں منعقد ہونے والے گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ میں صنعتی اداروں سے شرکت کی اپیل کی۔1/k/m/b