برقی سربراہی کو اسمارٹ طریقہ سے عمل میں لانے کے اقدامات

   

نئے میٹرس پری پیڈ کی بنیاد پر اجرائی ، محکمہ برقی کی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : برقی سربراہی کو اسمارٹ طریقہ سے عمل میں لانے کے لیے محکمہ برقی کی جانب سے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اب نئے برقی کنکشن کے خواہش مند شہریوں کو اسمارٹ پری پیڈ برقی میٹر دیا جائے گا ۔ ان اسمارٹ برقی پری پیڈ میٹرس کے ذریعہ شہریوں کے علاوہ محکمہ کو بھی فائدہ حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ آئندہ چند دنوں میں اس منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز ہوگا جب کہ مرحلہ وار سطح پر گریٹر حیدرآباد میں پری پیڈ میٹرس کے نظام کو رائج کیا جائے گا ۔ فی الحال سرکاری دفاتر اور اسکول اور کالجس میں پری پیڈ برقی میٹرس چلائے جارہے ہیں اور تجرباتی طور پر بھی ان اسمارٹ پری پیڈ برقی میٹرس کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ۔ گذشتہ ایک سال سے سرکاری محکموں میں پری پیڈ میٹرس نصب کئے جاچکے ہیں اور ان کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔ حیدرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی کلکٹریٹ حدود میں سینکڑوں سرکاری اسکولس اور پولیس اسٹیشنوں و کوارٹرس میں ان میٹرس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور یہ کامیاب انداز میں بغیر کسی شکایت کے کام کررہے ہیں ۔ ان میٹرس کے لیے اڈوانس میں رقم ادا کرنی پڑے گی ۔ گریٹر حیدرآباد زون کے 9 سرکلس میں 52 لاکھ برقی کنکشن پائے جاتے ہیں اور ان تمام کنکشن کو مرحلہ وار سطح پر بدل دیا جائے گا جن کی جگہ اسمارٹ برقی پری پیڈ میٹرس نصب کئے جائیں گے ۔ ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ موجودہ آئی آر میٹرس کی جگہ اسمارٹ پری پیڈ میٹرس کی تنصیب سے آمدنی میں 3 تا 4 فیصد کا اضافہ ہوگا ۔ امکان ہے جب کہ بہت جلد اس پری پیڈ برقی سرویس کیلئے ری چارج کارڈ بھی مارکٹ میں دستیاب رہے گا ۔ اس سہولت کے ذریعہ سم کارڈ کی طرز پر 3 تا 4 ماہ کا اڈوانس ری چارج کارڈ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔ اور ہر ماہ کے برقی بل میں کمی زیادہ کی کوئی شکایات نہیں رہے گی اور برقی صارفین کو بھی بحث کے متعلق موقع اور برقی استعمال کا اختیار بھی اس نئے طریقہ کار کے ذریعہ فراہم ہوگا ۔ گریٹر حیدرآباد زون کے 9 سرکل میں سب سے زیادہ تری فیس برقی کنکشن حیدرآباد کے سنٹرل زون میں ، سب سے کم راجندر نگر میں پائے جاتے ہیں اس کے علاوہ گھریلو صارفین کیلئے یہ بہت فائدہ مند ثابت ہونے کا برقی عہدیدار دعویٰ کررہے ہیں ۔۔A