برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کو چیف منسٹر کی منظوری

   

کابینہ کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ، تمام تجاویز تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد ۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں بہت جلد برقی اور آر ٹی سی بسوں کے کرایوں میں اضافہ ہونے والا ہے۔ عہدیداروں کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے وزیر برقی اور وزیر ٹرانسپورٹ کو اپنے اپنے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جس کا آئندہ کابینہ اجلاس میں جائزہ لیتے ہوئے منظوری دی جائے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے کورونا بحران ۔ لاک ڈاون اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے آر ٹی سی کو ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا اور کہا کہ لاک ڈاون سے آر ٹی سی کو تین ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ سے 550 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ عائد ہوا ہے۔ ڈسمبر 2019 میں حکومت نے آخری مرتبہ کم از کم 5 روپے سے زیادہ 10 روپے تک آر ٹی سی کے کرایوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس طرح جملہ 20 فیصد تک آر ٹی سی کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے سے آر ٹی سی کی آمدنی میں یومیہ 4 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ آر ٹی سی کو روزانہ 13 کروڑ روپے کی آمدنی ہو رہی تھی۔ کورونا بحران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اب حالات بحال ہو رہے ہیں۔ یومیہ آمدنی بڑھ کر 10 کروڑ تک پہنچ گئی۔ عہدیداروں کی جانب سے آر ٹی سی کے کرایوں میں 10 تا 20 فیصد اضافہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ 20 فیصد اضافہ سے یومیہ 6 تا 7 کروڑ کی آمدنی ہوگی۔ جاریہ سال ماباقی دنوں میں ایک ہزار کروڑ روپے زائد آمدنی ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ برقی شرحوں میں اضافہ کے مسئلہ پر ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی برقی ادارہ کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے چیف منسٹر کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ 6 سال سے برقی شرحوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ نقصانات پر قابو پانے کیلئے برقی شرحوں میں بھی اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ N