برمنگھم مساجد حملے ‘ ذہنی صحت قانون کے تحت ایک شخص گرفتار

   

لندن 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) لندن میں ایک شخص کو برمنگھم کی پانچ مساجد پر ہوئے حملوں کے سلسلہ میں حراست میں لیا گیا ہے اور اسے اب برطانیہ کی ذہنی صحت سے متعلق قانون کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ویسٹ مڈ لینڈ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ 34 سالہ شخص نے خود کو برمنگھم کے ایک پولیس اسٹیشن میں پیش کردیا تھا جبکہ انسداد دہشت گردی عہدیداروں نے شہر میں پانچ مساجد کے شیشے اور کھڑکیاں توڑنے کے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا تھا ۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک ان حملوں میں مزید کسی کے مشتبہ ہونے کا امکان نہیں ہے اور پولیس کا یہ بھی ماننا ہے کہ جو شخص گرفتار کیا گیا ہے وہ کسی منظم دہشت گرد نیٹ ورک سے تعلق نہیں رکھتا ۔ ان حملوں کے بعد جس شخص کو مسلم برادری کے ارکان نے پولیس کے حوالے کیا تھا اور جسے حراست میں لیا گیا تھا اب اس کے خلاف مزید کارروائی نہیں ہوگی اور اسے کسی الزام کے بغیر رہا کردیا گیا ہے ۔