برکس چوٹی کانفرنس ‘ دہلی میں سخت سکیوریٹی

   

نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) دارالحکومت دہلی میں آنے آئندہ 12 اور 13 ستمبر کو ہونے والے 18ویں برکس سربراہ اجلاس کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کام میں دہلی پولیس کے تقریباً 15,000 جوانوں اور نیم فوجی دستوں کی تقریباً 200 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔سکیورٹی نظام کا اہم مرکز مرکزی تقریب کا مقام بھارت منڈپم، غیر ملکی رہنماؤں کے قیام کے ہوٹل، ہوائی اڈہ اور وی وی آئی پی قافلوں کے راستے ہوں گے ۔ ان تمام راستوں پر خصوصی کیمروں سے نگرانی اور ٹریفک کی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے ۔ دہلی کے 11 اہم ہوٹلوں میں این ایس جی حکام کی قیادت میں خصوصی سکیورٹی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات کی آمد جمعہ سے شروع ہو جائے گی۔اسپیشل پولیس کمشنر (سکیورٹی ڈویژن ) منیش کمار اگروال کے مطابق، سکیورٹی، ٹریفک اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام راستوں اور مقامات کا سروے مکمل کر لیا گیا ۔ سکیورٹی انتظامات کے باعث وسطی دہلی اور آس پاس ٹریفک متاثر رہے گا، جس کیلئے دہلی پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرکے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔اس سکیورٹی گھیرے کو وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، انٹیلی جنس بیورو، این ایس جی اور مرکزی مسلح پولیس فورسز کے تعاون سے تیار کیا گیا ۔ پڑوسی ریاستوں کے ساتھ سرحدی چیکنگ اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے ۔نئی دہلی کے ڈی سی پی سچن شرما نے بتایا کہ مختلف سیکٹرز میں پولیس فورس کی تعیناتی و موک ڈرلز بھی کی گئی ہیں۔

برکس اجلاس میں 30 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے
نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کی میزبانی میں 2 روزہ برکس اجلاس میں رکن ممالک اور شراکت دار ممالک کے رہنما و علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان و نمائندے شرکت کریں گے ۔برکس ممالک کے رہنماؤں میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن، چین کے صدر شی جن پنگ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی، انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا شامل ہیں۔