برہان پور میں ’تاج محل‘ سے مشابہہ گھر ، آنند پرکاش کا بیوی کو تحفہ

,

   

برہان پور : مدھیہ پردیش کے برہان پور کے اسکول ڈائریکٹر آنند پرکاش چوکسے نے اپنا گھر بالکل تاج محل جیسا بنایا ہے۔ 90 مربع میٹر رقبہ پر پھیلا ہوا 4 بیڈ روم کا یہ گھر 3 سال میں بن کر مکمل ہوا۔ آنند نے اسے اپنی اہلیہ منجوشا کو تحفے میں دیا ہے۔ اس میں ایک بڑا ہال، 2 بیڈروم نیچے اور 2 بیڈروم اوپر ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں ایک کچن، لائبریری اور مراقبہ کا کمرہ بھی ہے۔ آنند کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی حیران تھے کہ تاج محل برہان پور میں کیوں نہیں بنایا گیا تھا جبکہ شاہجہاں کی محبوب بیوی ممتاز محل کی وفات اسی شہر میں ہوئی تھی۔آنند کے مطابق کہا جاتا ہے کہ تاج محل پہلے دریائے تاپتی کے کنارے تعمیر ہونا تھا لیکن بعد میں اسے آگرہ میں تعمیر کیا گیا۔تاج محل کا ریپلیکا (تاج محل سے مشابہہ گھر) بنانے والے انجینئر کے مطابق اس گھر کو بنانے میں انہیں متعدد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اس گھر کی تعمیر سے قبل تاج محل کا بغور جائزہ لیا اور بنگال اور اندور کے کاریگروں سے بھی مدد لی۔اس گھر کا گنبد 29 فُٹ اونچا ہے۔تاج محل جیسا گھر بنانے والے انجینئر کا کہنا ہے کہ گھر کو نہ صرف اندر بلکہ باہر سے بھی ایسی روشنیوں سے آراستہ کیا گیا ہے کہ گھر اندھیرے میں بھی اصلی تاج محل کی طرح روشن رہے۔