بریلی کی درگاہ سے 200 افراد کا تخلیہ

   

بریلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے علاقہ بریلی میں واقع شاہ ولیؒ درگاہ سے 200 افراد کا تخلیہ کروایا گیا اور انہیں میڈیکل اسکریننگ کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا اور چند روز اپنے طور قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درگاہ کے متولی واجد علی نے کہا کہ ان افراد کا تعلق راجستھان، مدھیہ پردیش اور چند دیگر مقامات سے تھا اور وہ گزشتہ 10 روز سے درگاہ میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’(22 مارچ کو) جنتا کرفیو منائے جانے کے بعد درگاہ سے ان افراد کے گھر واپسی کو یقینی بنانے کے انتظامات کی درخواست کے ساتھ بارہ دری پولیس اسٹیشن کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا تھا، لیکن کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی تھی‘۔ پولیس نے اس قسم کے کسی مکتوب کی وصولی کی تردید کی ہے۔ جمعہ کی شب پولیس اور ضلع انتظامیہ نے درگاہ کا تخلیہ کروایا۔