تہران، 11 جولائی (یو این آئی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ انتقام قوم کا مطالبہ ہے اور اسے ضرور پورا کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے تحریری بیان میں کہا کہ وہ اپنے والد اور پیش رو آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری صرف ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے آزاد لوگوں پر بھی عائد ہوتی ہے ۔سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد سرکاری نشریاتی ٹی وی پر نشر اپنے پہلے پیغام میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ انتقام قوم کا مطالبہ ہے اور یہ یقینی طور پر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہید قائد اور دونوں جنگوں کے تمام شہدا کے خون کا بدلہ ان مجرم اور بدنام قاتلوں سے لینے کا عہد کرتے ہیں۔