بزرگ شہریوں کیلئے ریل کا سفر مزید آسان بنانے کی مساعی

   

نئی دہلی : ریل سفر میں بزرگ شہریوں کو دی جانے والی رعایت کو بحال کرنے کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کرنے والے بھارتیہ پنشنرس منچ نے اس اسکیم کی بحالی کے لیے تمام اراکین پارلیمنٹ کو خط لکھنے کی مہم شروع کی ہے ۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے منچ کے جنرل سکریٹری وی ایس یادو نے کہا کہ انہوں نے تمام ممبران پارلیمنٹ کو خط لکھنے کا کام دو ہفتے پہلے شروع کیا ہے اور اب تک وہ 15 ممبران پارلیمنٹ کو خط لکھ چکے ہیں جن میں سے کئی کا انہیں جواب مل چکا ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھا ہے لیکن ابھی انہیں اس تعلق سے وزیر اعظم کے دفتر سے کوئی جواب نہیں ملا ہے ۔ اس خط میں بھی انہوں نے مسٹرمودی سے بزرگوں کے اس مطالبے پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا، ‘‘بھارتیہ پنشنرس منچ نے بزرگ شہریوں کو ریل کرایہ میں دی گئی رعایت کو ختم کرنے کے حکم کو واپس لینے کے سلسلے میں ملک کے تمام معزز ارکان پارلیمنٹ کو خط بھیجنے کی مہم شروع کی ہے ۔