نئی دہلی : اوکھلا پریس کلب کے زیر اہتمام تسمیہ آڈیٹوریم اوکھلا میں منعقدہ تقریب رونمائی میں بزرگ صحافی رضوان اللہ کی صحافتی و ادبی خدمات پر مبنی کتاب ‘ذکرِ رضوان اللہ’ کا اجرا عمل میں آیا۔ یہ کتاب ان کی دختر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ فارسی میں استاد ڈاکٹر زہرہ خاتون اور معروف صحافی سہیل انجم نے مشترکہ طور پر ترتیب دی ہے ۔ڈاکٹر سید فاروق کی زیر صدارت منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ہفت روزہ ‘ملی گزٹ’ کے ایڈیٹر ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں نے رضوان اللہ سے اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ مراسم کو یاد کرتے ہوئے انھیں ایک جرأتمند صحافی قرار دیا۔ ناسازی طبعت کی وجہ سے وہ تقریب میں شریک نہیں ہو سکے تاہم انھوں نے اسپتال سے اپنے پیغام میں کہا کہ رضوان اللہ بیباک صحافی اور کھرے انسان تھے ۔ وہ مسائل پر ناقدانہ نظر ڈالتے اور جرأتمندی کے ساتھ اپنی بات کہتے تھے ۔ یاد رہے کہ رضوان اللہ ملی گزٹ میں ہفت روزہ کالم لکھا کرتے تھے ۔ ڈاکٹر سید فاروق نے ڈاکٹر زہرہ خاتون کو کتاب کی ترتیب پر مبارکباد پیش کی او رکہا کہ اولاد کو اپنے والدین کو ہمیشہ یاد رکھنا اور ان کے حق میں دعائیں کرتے رہنا چاہیے ۔ مہمان اعزازی پروفیسر محسن عثمانی ندوی نے رضوان اللہ کی یاد میں کتاب خوانی کی تحریک شروع کرنے پر زور دیا اور اوکھلا پریس کلب سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں پہل کرے ۔ ان کے بقول آج کتابیں پڑھنے کا ذوق ختم ہوتا جا رہا ہے ، اس کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے ۔