بشار حکومت کی جانب سے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو بعد از مرگ خصوصی اعزاز و اکرام

,

   

طرابلس ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے صدر بشار الاسد نے ایرانی پاسداران انقلاب کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کو ملک کے قومی اعزاز سے نوازا ہے۔شامی حکومت کے وزیر دفاع علی ایوب نے بشار الاسد کی جانب سے سلیمانی کو پیش کیا گیا ایوارڈ ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کے حوالے کیا۔بشار حکومت میں وزیراعظم کے منصب پر فائز عماد خمیس شامی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے تھے۔ انہوں نے ایرانی ذمے داران کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن میں نائب ایرانی صدر اسحاق جہانگیری سرفہرست ہے۔پیر کے روز ہونے والی ملاقاتوں میں عماد خمیس نے 3 جنوری کو بغداد میں امریکی حملے میں مارے جانے والے قاسم سلیمانی کی موت پر تعزیت پیش کی۔شامی حکومت کی ترجمان خبر رساں ایجنسی SANA کے مطابق بشار الاسد کے وفد کی ایرانی عہدے داران کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ خصوصی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک پر عائد اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔بشار الاسد کے وفد نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سلیمانی کی موت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے عماد خمیس نے باور کرایا کہ شامی حکومت عراق میں “ع?ن الاسد” فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے کی حمایت کرتی ہے۔