بعض ایرانی اثاثے غیرقانونی طورپرمنجمد کئے گئے : عالمی عدالت

   

دی ہیگ : جمعرات کو عالمی عدالت انصاف کے ججوں نے یہ جزوی فیصلہ سناتے ہوئے کہ واشنگٹن نے عدالتوں کو غیر قانونی طور پر کچھ ایرانی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے کی اجازت دی تھی، امریکہ کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے، رقم کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ تاہم، عالمی عدالت نے کہا کہ یہ اس کے دائرہ اختیارمیں نہیں ہے کہ وہ 1.75 ارب ڈالر سے زیادہ کے ایران کے مرکزی بینک کے منجمد اثاثوں کے بارے میں کوئی فیصلہ کر سکے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام قانونی مشیررچ وایزیک نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ اس فیصلے نے ’’ایران کے کیس کی اکثریت کو مسترد کر دیا، خاص طورپرجہاں اس کا تعلق مرکزی بینک کیاثاثوں سے ہے‘‘۔ وایزیک نے مزید کہا، ’’یہ ایران کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے متاثرین اور امریکہ کے لیے ایک بڑی فتح ہے‘‘۔ ادوسری طرف ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر شیئر کیے گئے ردعمل میں، اس فیصلے کو اپنے موقف کو جائز قرار دئیے جانے اورامریکہ کے غلط رویے کی نشان دہی سے تعبیر کیا۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ اس وقت آیاہے جب گزشتہ ہفتہ شام میں ایران کی حمایت یافتہ افواج اورامریکی فوجی اہل کاروں کے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤمیں اضافہ ہوا ہے۔