بغیر لائسنس مین پاور کنسلٹنسی چلانے والا ٹراویل ایجنٹ گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /22 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے غیرلائیسنس یافتہ مین پاور کنسلٹنسی چلانے والے ایک ٹراویل ایجنٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب 49 سالہ وائی سرینو بابو عرف الفا بابو متوطن مشرقی گوداوری آندھراپردیش غیرقانونی طور پر مین پاور ایجنسی چلارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سینو بابو مشرقی گوداوری کے بیروزگار نوجوانوں کو بیرون ممالک جاب ویزا پر بھیج رہا تھا لیکن اس ایجنسی کے ذریعہ بیرون ممالک جانے والے افراد کا جنسی اور ذہنی طور پر استحصال کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ /19 جون سال 2017 ء کو گھٹکیسر پولیس نے ایک میاں بیوی کو جاب ویزا پر بھیجنے کے بہانے انہیں ٹورسٹ ویزا پر بیرون ممالک بھیجا تھا جہاں پر وہ استحصال کا شکار ہوئے تھے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے سینو بابو کے علاوہ اس کے بھائی داس ، تریمورتولو ، ٹاٹاجی ، راما راؤ اور مرلی کو سابق میں گرفتار کیا تھا جبکہ دیگر افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے ۔ پولیس نے یہ بتایا کہ گرفتار ملزم مخصوص خواتین کو دوبئی اور مسقط بھیجنے کے بہانے بھی انہیں دھوکہ دیا کرتا تھا ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیرلائیسنس یافتہ مین پاور کنسلٹنسی چلانے والے افراد سے ہوشیار رہیں ۔