سری نگر: جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پنکج متھل کی ہدایات کے مطابق کورٹ عمارتوں میں اب صرف ان لوگوں کو ہی داخل ہونے کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا کے دونوں ویکسین لگوائے ہوں۔ انہوں نے جوڈیشل رجسٹراروں اور ضلع ججوں کو ہدایت دی ہیں کہ وہ کورٹ عمارتوں کی سینی ٹائزیشن ہفتے میں دو بار کرائیں۔ ان کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں بالخصوص وادی کشمیر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور تیسری لہر کے خدشات کے پیش نظر ہائی کورٹ کی دونوں ونگس کے جوڈیشل رجسٹراروں اور تمام اضلاع کے پرنسپل ججوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری پروٹوکال پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ حکمنامے میں تمام وکلا اور دیگر متعلقین سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس پروٹوکال کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کریں۔