بقرعید کیلئے جانوروں کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہ رہے: محمود علی

,

   

ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت، صفائی پر توجہ دینے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بقرعید کے موقع پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں۔ گذشتہ چند دنوں سے مختلف مقامات پر جانوروں کی منتقلی پر اعتراضات کئے گئے جس کی وضاحت میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے آج ڈی جی پی مہیندر ریڈی کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت کی ۔ انہوں نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ قربانی کے جانوروں کی منتقلی میں پولیس سے کوئی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے اور نہ عوام کو غیر ضروری تکلیف ہو۔ ڈی جی پی نے کہا کہ وہ تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنٹس پولیس و عہدیداروں کو ہدایات جاری کرینگے۔ پولیس عوام سے تعاون کریگی ۔ وزیر داخلہ نے عوام سے خواہش کی کہ قربانی کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ فضلہ کو گلیوں و راستوں پر پھینکنے سے گریز کریں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے گائے کی قربانی پر پابندی ہے لہذا اس کی قربانی سے گریز کرتے ہوئے دیگر بڑے جانوروں بھیڑ بکریوں کی قربانی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی خرید و فروخت، نمازوں اور قربانی کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام بالخصوص مسلمانوں کو عیدالاضحی کی پیشگی مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خاتمہ ، تلنگانہ کی ترقی ، امن وامان اور گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کیلئے خصوصی دعا کریں۔