بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر

   

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقے این اے 127 کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دی، شہری محمد ایاز نے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کیا۔بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔ڈان نیوز کے مطابق درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے ، بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے ، یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے ۔