بلدیہ کے اہم ریکارڈس غیر متعلقہ افراد کے پاس دستیاب ہونے پر تشویش

   

بودھن مجلس بلدیہ کا اجلاس، مختلف امور پر مباحث، 40 لاکھ روپئے فنڈ کی اجرائی
بودھن /31 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ بودھن کے ماہانہ اجلاس کا چیرپرسن ٹی پدما شرت ریڈی کی صدارت میں انعقاد عمل میں آیا ۔ 28 امور بشمول 15th فینانس کے تحت موصولہ 40 لاکھ روپئے فنڈز کی اجرائی کی کونسل نے منظوری دے دی ۔ فلور لیڈر ایم آئی ایم حبیب خان قدیر نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل وقفہ کے بعد ریاست تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی آنے کے بعد بودھن بلدیہ کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ انہوں نے نوتشکیل کانگریس حکومت سے اظہار تشکر کیا اور انہوں نے اپنے خطاب میں دیگر ساتھی ارکان بلدیہ کی جانب سے شب معراج اور ماہ صیام کی آمد سے قبل مساجد کے قریب اور شہر کی سڑکوں اور قبرستانوں میں صاف صفائی کے کام انجام دینے کے مطالبہ کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ قمراحمد اور چیرپرسن کی توجہ شکرنگر چوراہا کا نام تبدیل کرنے سابقہ میں پاس کی گئی قرارداد کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ شکر نگر چوراہا کا نام نظام چوک کردیا جائے اور انہوں نے نوتشکیل کانگریس حکومت کی جانب سے نظام شوگر فیاکٹری کا احیاء کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور گذشتہ چار سالوں کے ناگزیر وجوہات کے سبب التواء میں پڑے ہوئے کاموں کو منظوری دینے کی خواہش کی ۔ بعض ارکان بلدیہ نے دفتر بلدیہ کے اہم ریکارڈس غیر مجاز افراد کے پاس دستیاب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کونسل کے اجلاس کی خانگی طور پر ویڈیو گرافی کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود ارکان بلدیہ اجلاس کے اختتام سے قبل کونسل کی کارروائی کو سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کرتے ہیں ۔