بلدی انتخابات میں رائے دہی کیلئے عوامی صحت کو ترجیح

,

   

کانگریس پارٹی کا اجلاس ، ای وی ایم اور بیالٹ پیپر کی تفصیلات کمیشن سے طلب
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ای وی ایم یا بیالٹ پیپرس کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی نگرانی میں کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی ، صدر گریٹر حیدرآباد انجن کمار یادو ، ای آئی سی سی سکریٹریز سرینواسن کرشنن ، سمپت کمار ، چنا ریڈی ، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ ، کونڈا وشویشور ریڈی ، جنرل سکریٹریز ونود ریڈی ، مہیش کمار گوڑ ، بی کشن ، کنوینر کمیٹی جی نرنجن اور نامپلی انچارج فیروز خاں نے شرکت کی۔ بلدی انتخابات کی حکمت عملی اور الیکشن کمیشن سے نمائندگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بیالٹ پیپر اور ای وی ایم مشن کے فوائد اور نقصانات پر مشتمل رپورٹ طلب کی جائے۔ ایم ششی دھر ریڈی نے اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کو مکتوب روانہ کیا جس میں درخواست کی گئی کہ دونوں طریقہ رائے دہی کے بارے میں سائنٹفک جائزہ لیتے ہوئے کانگریس پارٹی کو واقف کرایا جائے ۔ کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر کانگریس پارٹی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رائے دہی کا طریقہ کار چاہے کچھ ہو لیکن کانگریس پارٹی کی اولین ترجیح رائے دہندوںکی صحت ہے۔

جس طریقہ کار میں کم رسک رہے گا، اسے اختیار کرنا چاہئے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور بیالٹ پیپرس کے بارے میں سیاسی جماعتوں سے رائے حاصل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو کانگریس نے 25 ستمبر کو پہلی مرتبہ نمائندگی کرتے ہوئے دونوں طریقہ رائے دہی کے بارے میں رپورٹ طلب کی تھی۔ ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ کانگریس پارٹی آزادانہ ، منصفانہ رائے دہی میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کا طریقہ کار سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیتے ہوئے طئے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا بعض گوشے ابھی سے بیالٹ پیپر کی سفارش کر رہے ہیں جس سے اندیشہ ہے کہ برسر اقتدار پارٹی دھاندلیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں بوگس ووٹرس کے ناموں اور چہرہ شناسی ایپ کے استعمال کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی نمائندگی کرے گی۔