بلدی انتخابات میں مسلمان ٹی آر ایس کو سبق سکھانے تیار: وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ این آر سی اور این پی آر پر چیف منسٹر کی خاموشی بلدی انتخابات میں فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے موقف کے خلاف اقلیتوں نے سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو مناسب سبق سکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خود کو سکیولرازم کا دعویدار کہنے والے کے سی آر مخالف دستور قانون پر خاموش ہیں۔ ملک بھر میں عوامی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور کئی ریاستوں نے اپنا موقف واضح کردیا لیکن کے سی آر ہنوز خاموش ہیں۔ کے سی آر کے رویہ سے مسلمانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور وہ بلدی انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات میں شکست سے خوفزدہ ہوکر کے سی آر روزانہ وزراء اور ارکان اسمبلی کو وارننگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ماحول حکومت کے خلاف ہے اور بلدی انتخابات میں عوام بہتر فیصلہ کریں گے۔