تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں، قائدین میں اتحاد کی تلقین، پارٹی توسیعی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ اس گمان میں نہ رہیں کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کا مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا مقابلہ کسی پارٹی سے نہیں ہے اور بلدی انتخابات میں ہماری کامیابی یقینی ہے۔ تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات میں ارکان اسمبلی کو پارٹی کیڈر کے ساتھ اجلاس منعقد کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نئے اور پرانے قائدین میں بہتر تال میل پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متحدہ طور پر انتخابات کا سامنا کیا جاسکے۔ انہوں نے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں قائدین اور کیڈر کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ 120 میونسپلٹیز اور 10 کارپوریشنوں میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہیں۔ پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ہر ایک کو مساعی کرنے کی کے سی آر نے ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں ریاستی وزراء انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ توسیعی اجلاس کے ذریعہ ٹی آر ایس نے بلدی انتخابات کی سرگرمیوں کا عملاً آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے انتخابات کے سلسلہ میں مختلف سروے رپورٹس کا حوالہ دیا اور قائدین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ انتخابی نتائج ٹی آر ایس کے حق میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں میں ٹی آر ایس کو سبقت رہے گی۔ انہوں نے بی جے پی سے اصل مقابلہ کی اطلاعات کو محض قیاس آرائیوں سے تعبیر کیا اور کہا کہ قائدین اور کیڈر کو اُلجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹی آر ایس کے مقابلہ میں کوئی نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی کے نئے اور پرانے قائدین کے درمیان دوریوں کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائدین کی ذمہ داری ہے کہ بہتر تال میل کے ذریعہ پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیئے جانے کے بعد اس امیدوار کی کامیابی کیلئے کام کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم اور باغی قائدین کو سمجھانا اور مقابلہ سے روکنا ارکان اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے دوپہر کے بعد متحدہ اضلاع کی بنیاد پر قائدین کا علحدہ علحدہ اجلاس منعقد کیا اور اضلاع میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے علاوہ وزراء، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل اور عاملہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
تلنگانہ میں بلدیات کے ریزرویشن کے عمل کا پہلا مرحلہ مکمل
حیدرآباد 4 جنوری (یو این آئی) تلنگانہ میں بلدیات کے ریزرویشن کے عمل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ۔ریزرویشن کے عمل کی تفصیلات تلنگانہ حکومت نے کلکٹرس کو بھیجی ہے ۔2011کی آبادی کے لحاظ سے ایس سی،ایس ٹی طبقات کے لئے حکومت نے عہدے مقرر کئے ہیں۔ایس ٹی طبقات کی ایک فیصد کم آبادی والے کارپوریشنس،بلدیات میں ایک وارڈ ایس ٹی کیلئے محفوظ قرار دیاگیا ہے ۔ وارڈ واری ریزرویشن کے شیڈول کو کل جاری کیاجائے گا۔