ٹی آر ایس کو دولت اور طاقت پر بھروسہ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا ہے کہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی۔ تلنگانہ کے عوام کے سی آر حکومت سے ناراض ہیں کیونکہ کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی آج بلدی انتخابات کے سلسلہ میں بھونگیر پارلیمانی حلقہ کے قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سکریٹری اے آئی سی سی سلیم احمد کے علاوہ جی نارائن ریڈی، جی راگھواریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں قربانیوں کی عظیم تاریخ رکھتی ہے۔ آزادی کی جدوجہد سے لے کر ملک کی ترقی میں کانگریس کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہندوستان میں عوامی خدمات کے اعتبار سے کانگریس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی میں جس طرح اہم رول ادا کیا اسی طرح علحدہ تلنگانہ کی تشکیل بھی کانگریس کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقراری کو قابل فخر تصور کرتے ہیں۔ ٹی آر ایس کو بروکرس کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے عوامی مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے شخصی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں غریبوں کی بھلائی کیلئے جس قدر اسکیمات وضع کی گئیں اس کی مثال کسی اور حکومت میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تمام مذاہب اور طبقات کی یکساں ترقی کی خواہاں ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اورلوک سبھا انتخابات میں کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے کے سی آر نے اقتدار حاصل کیا ہے۔ آرٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ملازمین کی ہڑتال کے باوجود اس وعدہ سے انحراف کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کررہے ہیں۔ کے سی آر کو کم از کم جگن سے سیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس انتخابات میں دولت اور طاقت کے استعمال پر یقینی رکھتی ہے لیکن میں عوام اور پارٹی کارکنوں کی تائید سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہوا ہوں لہذا کارکنوں کیلئے اپنی جان دینے تیار ہوں۔ انہوں نے بھونگیر پارلیمانی حلقہ کے تحت تمام میونسپلٹیز میں کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ۔