یاقوت پورہ مولا کا چھلہ میں واقعہ ۔ لڑکی کو بچالیا گیا ۔ واقعہ سی سی کیمرے میں قید ہوگیا
حیدرآباد 11 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں بلدی حکام کی مجرمانہ غفلت اور مبینہ طور لاپرواہی شہریوں کی زندگی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے ۔ بلدی حکام کی اس لاپرواہی پر کوئی روک لگانے والا نہیں اور ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ اب عوامی منتخب نمائندوں کا بھی ان پر کوئی اثر نہیںرہا ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں آج ایک بڑا سانحہ ٹل گیا ۔ ایک کمسن کی جان اس کی والدہ کی چوکسی سے بچ گئی جو راستہ چلتے چلتے مین ہول میں گر گئی تھی پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں پیش آئے اس واقعہ پر شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ لڑکی کے مین ہول میں گرنے اور اس کی والدہ کی جانب سے بروقت اقدام سے لڑکی کی جان بچ گئی جو اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ اسکول جارہی تھی ۔ یہ سارا واقعہ قریبی کیمرے میں قید ہوگیا جو اب وائرل ہوچکا ہے ۔ یاقوت پورہ میں پیش آئے واقعہ پر شہریوں نے شدید برہمی ظاہر کی ہے اور خاطی بلدی حکام اور عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی اور فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایسی لاپرواہی جو انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے باوجود اس کے لاپرواہی کا سلسلہ جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک لڑکی جس کی عمر تقریبا 6 سال بتائی گئی ہے آج صبح اپنی والدہ اور چھوٹی بہن کے ہمراہ اسکول جارہی تھی یاقوت پورہ مولا کا چھلہ علاقہ نالے کا ڈھکن کھلا چھوڑ دیا گیا اور لڑکی اس کھلے مین ہول میں گر گئی جس کو دیکھ کر فوری اس لڑکی کی والدہ نے بچی کو مین ہول سے نکالا ۔ اس دوران مقامی نوجوان دوڑ کر مدد کو پہونچے اس خوفناک مناظر والے ویڈیو کا وائرل ہونے پر شہریوں نے بلدی حکام پر لاپرواہی کا الزام لگایا اور مقامی عوامی نمائندے بھی عوام کی برہمی اور تنقید کا نشانہ بنے ہیں ۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ اس جانب فوری اقدامات کرکے انسانی زندگیوں کا تحفظ کریں۔ ع