بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس ‘قصوروار کو گجرات ہائی کورٹ سے 10 دنوں کی پیرول

   

احمد آباد :بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کے قصوروار رمیش چاندنا کو گجرات ہائی کورٹ نے دس دنوں کی پیرول دی ہے۔ ہائی کورٹ میں گزشتہ ہفتہ رمیش چاندنا نے عرضی داخل کر کے پیرول کا مطالبہ کیا تھا۔ دراصل چاندنا کے بھانجے کی پانچ مارچ کو شادی ہے جس میں وہ شرکت کرنا چاہتا ہے ۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے چاندنا نے عرضی داخل کر کے پیرول کا مطالبہ کیا تھا۔جسٹس دیویش جوشی نے چاندنا کے ذریعہ داخل عرضی پر حکم سناتے ہوئے کہا کہ قصوروار چاندنا کے ذریعہ اپنی بہن کے بیٹے کی شادی تقریب میں شامل ہونے کی بنیاد پر پیرول کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کی درخواست پر غور کرنے کے بعد اسے دس دن کی پیرول دی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں گجرات حکومت کی طرف سے پیش حلف نامہ کے مطابق چاندنا نے 2008 میں قید کے بعد سے 1198 دنوں کی پیرول اور 378 دنوں کی فرلو لے چکا ہے۔ اس سے قبل بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی معاملے میں قصوروار پردیپ مودھیا کو 7 فروری سے 11 فروری تک پیرول ملی تھی۔ یعنی چاندنا بلقیس بانو کیس کا دوسرا قصوروار ہے جسے رواں سال پیرول ملی ہے۔ بلقیس بانو معاملے کے سبھی 11 قصورواروں نے 21 جنوری کو سپریم کورٹ کے حکم کے بعد گودھرا شہر کی ایک جیل میں خودسپردگی کی تھی اور تب سے وہ یہیں بند ہیں۔