خواتین سے ہمدردی ہے تو گجرات حکومت کے فیصلے کو منسوخ کریں، کے ٹی آر کا وزیراعظم مودی سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 17 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ملک کی آزادی کی 75 ویں تقاریب کے دوران گجرات حکومت کی جانب سے بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کے 11 مجرمین کو عام معافی دیتے ہوئے جیل سے رہا کردینے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی خواتین کے احترام کی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں‘ وہ جو باتیں کرتے ہیں اس میں سچائی ہے تو گجرات حکومت نے جن 11 عصمت ریزی کے مجرمین کو رہا کیا ہے اس فیصلے کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کریں ۔ حکومت کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے 15 اگسٹ کو لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ ، ان کی عزت نفس کے علاوہ دوسرے اُمور پر بڑی بڑی باتیں کی ، اُسی دن گجرات کی بی جے پی حکومت نے ایک خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کرنے والے 11 مجرمین کو جیل سے رہا کردیا ۔ کے ٹی آر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو خواتین سے واقعی ہمدردی ہے تو وہ ا جتماعی عصمت ریزی کے مجرمین کو رہا کرنے کے معاملے میں فوری مداخلت کریںاور رہائی کے احکامات کو منسوخ کرائیں اور ساتھ ہی مرکزی محکمہ داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں کہ وہ عصمت ریزی میں ملوث ہونے والوں کو عام معافی نہ دیں اور نہ ہی انھیں جیلوں سے رہا کیا جائے ۔ گجرات حکومت کے اس فیصلے پر سارے ملک میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ عصمت ریزی میں ملوث ہونے والے افراد کو سخت سے سخت سزا دینے کیلئے آئی پی سی قانون میں نظرثانی کرنے ، عصمت ریزی میں ملوث ہونے والوں کو ضمانت بھی نہ مل پائے اس طرح کی قانون سازی کرنے کا کے ٹی آر نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دعویؤ کیا کہ مضبوط اور طاقتور قانون ہونے پہ ہی عدلیہ کا نظام سخت سے سخت فیصلہ کرنے کا اہل ہوگا ۔ ن