حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے بلقیس بانو عصمت ریزی مجرمین کو مرکزی حکومت کی جانب سے جیل سے رہا کرانے کی خبروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کو چونکا دینے والا فیصلہ قرار دیا اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ابھی تک وہ یہ سمجھتے تھے کہ گجرات حکومت نے قاتلوں اور عصمت ریزی کرنے والے قیدیوں کو جیل سے رہا کرتے ہوئے سارے ملک کیلئے غلط مثال قائم کی ہے۔ تاہم گجرات حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ مرکزی حکومت کے گرین سگنل پر ان قیدیوں کو رہا کیا گیا ، ان خبروں پر کے ٹی آر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کو بدبختانہ فیصلہ قرار دیا۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی صرف اپنے سیاسی فائدہ کیلئے عصمت ریزی کرنے اور قاتلانہ واقعات میں ملوث ہونے والے مجرموں کو جیلوں سے رہا کر رہی ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ن