تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ کی نتن یاہو سے ملاقات کو ’’مثبت‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ اکتوبر میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے بلنکن کا یہ خطہ کا نوواں دورہ ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ کے اپنے تازہ ترین دورے پر آج پیر کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سے ون آن ون ملاقات کی۔ دونوں قائدین کی بات چیت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں اس ملاقات کو ’’مثبت‘‘ قرار دیا گیا۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے اسرائیل کی سلامتی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، جس پر وہ مضبوطی سے اصرار کرتے ہیں، ہمارے یرغمالیوں کی رہائی کے بارے میں تازہ ترین امریکی تجویز سے متعلق اسرائیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ بلنکن مصر روانگی سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل انٹونی بلنکن نے پیر کے روز اسرائیل اور حماس پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے سلسلے میں مذاکرات کو پٹڑی سے نہ اترنے دیں، جو اس اعلیٰ امریکی سفارت کار کے مطابق قیام امن کے لیے آخری موقع ہو سکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل میں دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اس خطہ کے اپنے نوویں دورے پر اس وقت تل ابیب میں ہیں۔