بلوچستان : نماز جمعہ میں دھماکہ ، پانچ مصلیان جاں بحق

   

کراچی ۔16 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے گڑبڑ زدہ صوبہ بلوچستان کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ایک طاقتور بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں کم سے کم پانچ مصلیان جاں بحق اور دیگر 24 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کہاکہ کوئٹہ سے تقریباً 25 کیلومیٹر دور علاقہ کچلاک کی ایک مسجد میں دوران نماز جمعہ یہ دھماکہ ہوا۔ بلوچستان پولیس کے انسپکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے کہاکہ ’’اس حملے میں پانچ افراد ہلاک اور دیگر 24 زخمی ہوئے ہیں ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ کسی نے بھی فوری طورپر دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن بالعموم طالبان یا پھر بلوچ قوم پرستوں کو اس قسم کے حملوں کیلئے مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے ۔