بنجارہ ہلز کی ہوٹل اور لاج میں آتشزدگی

   

حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز روڈ نمبر 11 میں واقع ایک ہوٹل میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکائی بلیو ہوٹل کی تیسری منزل میں پیر کی شام اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے فائر انجن عملے کو آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی نے بتایا کہ اسکائی بلو ہوٹل جو لاج ہے اس کی تیسری منزل میں اچانک آگ لگ گئی۔ انھوں نے کہاکہ اِس واقعہ کے بعد جائے حادثہ پر تین فائر انجنس کو طلب کیا گیا تھا لیکن ایک ہی فائر انجن نے اِس پر آسانی سے قابو پالیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہوٹل کی تیسری منزل میں ہوٹل ملازمین کے رہنے کا انتظام ہے اور وہاں پر 5 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔