بنڈارودتاتریہ کا الائی بلائی پروگرام، نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کی شرکت

   

ہندوستانی تہذیب کے تحفظ کی ضرورت، قومی یکجہتی کا مظاہرہ، بعض گورنرس اور اہم شخصیتوں نے دسہرہ تقاریب میں حصہ لیا

حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ہر سال کی طرح گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی جانب سے دسہرہ کے موقع پر قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کے پیام کو عام کرنے کیلئے جل وہار میں الائی بلائی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس مرتبہ کئی قومی قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اس منفرد تحریک کو سراہا۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو، گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، گورنر ہماچل پردیش راجیندر وشواناتھ، مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی، ریاستی وزراء محمد محمود علی، ٹی سرینواس یادو، رکن قانون ساز کونسل کویتا، جنا سینا کے سربراہ پون کلیان، کورونا ویکسین تیار کرنے والی بھارت بائیو ٹک کے صدرنشین کرشنا ایلا، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، مووی آرٹسٹ اسوسی ایشن کے صدر منچو وشنو، تلگو فلموں کے مشہور اداکار کے سرینواس راؤ، بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے، سابق صدر ڈاکٹر لکشمن کے علاوہ کئی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ بنڈارو دتاتریہ اور ان کے ارکان خاندان نے مہمانوں کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے تمام مہمانوں کو دسہرہ کی خصوصی شال پیش کی۔ گورنر سوندرا راجن نے بعض تہذیبی پروگراموں کا آغاز کیا اور خواتین کے ساتھ پروگراموں میں شریک ہوئیں۔ الائی بلائی پروگرام کے دوران تلنگانہ کی تہذیب کی عکاسی کیلئے مختلف پروگرام رکھے گئے تھے۔ نائب صدر جمہوریہ نے خصوصی پوجا میں شرکت کی۔ کوویڈ قواعد کی پاسداری کرتے ہوئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار کی نگرانی میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ملک کی تاریخی تہذیب و ورثہ کے تحفظ کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہب، ذات پات اور علاقہ واریت سے اٹھ کر ایک ہونے کا ثبوت دینا چاہیئے۔ ہم تمام ہندوستانی ہیں اور دنیا بھر میں ہندوستانی تہذیب اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں اور بونال تلنگانہ کی تہذیب کا حصہ ہیں۔ر