پدما ایوارڈ کے مسئلہ پر بنڈی سنجے کا متنازعہ بیان، وزیراعظم کا ستائشی مکتوب وائرل
حیدرآباد ۔27۔جنوری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کی جانب سے انقلابی شاعر غدر کے خلاف دیئے گئے بیان سے نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ بنڈی سنجے کمار نے آنجہانی غدر کو پدما ایوارڈ نہ دینے سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلہ کی تائید کرتے ہوئے غدر کے نظریات کو نشانہ بنایا۔ ریاستی حکومت میں پدما ایوارڈ کے لئے غدر کے نام کی سفارش کی تھی لیکن مرکز نے قبول نہیں کیا۔ بنڈی سنجے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ ایسے لوگوں کا نام پیش کرتی جو پدما ایوارڈس کے مستحق ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ غدر کو پدما ایوارڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ غدر کے نظریات سے ہر کوئی واقف ہیں۔ بی جے پی کارکنوں کے قتل کے لئے وہ ذمہ دار تھے، لہذا انہیں پدما ایوارڈ ہرگز نہیں دیا جائے گا ۔ بی جے پی کارکنوں کی ہلاکت پر غدر نے گیت گائے تھے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ نکسلائیٹس کے ہاتھوں ملازمین پولیس کی ہلاکتوں کیلئے غدر ذمہ دار تھے۔ وہ نکسلائیٹس کے نظریات کے حامل اور سابق نکسلائیٹ تھے ۔ بنڈی سنجے کے بیان کے بعد کانگریس پارٹی اور غدر کے حامیوں نے 21 اگست 2023 کو وزیراعظم نریندر مودی کا مکتوب وائرل کردیا۔ غدر کے دیہانت پر نریندر مودی نے ان کی اہلیہ جی ویملا غدر کو تعزیتی پیام روانہ کیا تھا۔ نریندر مودی نے غدر کے دیہانت پر گہرے دکھا کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ غدر کی نظمیں اور نغمے سماج کے کمزور اور محروم طبقات کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ غدر نے عوام کو اپنے گیتوں سے نیا حوصلہ دیا۔ وزیراعظم نے تلنگانہ کی ترقی اور تلنگانہ تہذیب کے فروغ کے سلسلہ میں غدر کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم کے مکتوب کے ذریعہ غدر کے حامی بنڈی سنجے سے سوال کر رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم سے زیادہ غدر سے واقف تھے؟ نریندر مودی نے جب غدر کے نظریات اور پچھڑے طبقات کے حق میں جدوجہد کا اعتراف کیا تو پھر بنڈی سنجے کس طرح انہیں مخصوص نظریات کا حامل قرار دیتے ہوئے تنقید کرسکتے ہیں۔1