بنڈی سنجے کی پدیاترا جنگاؤں میں کشیدگی کا شکار ۔ پولیس نے طاقت کا مظاہرہ کیا

   

ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں میں جھڑپ ، تلنگانہ بی جے پی کے صدر بطور احتجاج سکیوریٹی سے دستبردار
حیدرآباد ۔ 15 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی ’ پرجا سنگرام یاترا ‘ ضلع جنگاؤں پہنچتے ہی کشیدگی کا شکار ہوگئی ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی ۔ پولیس نے ہلکی سی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہجوم کو منتشر کردیا ۔ بی جے پی کارکنوں پر حملوں کے خلاف بطور احتجاج بنڈی سنجے نے اپنی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بی جے پی کے کارکن ہی انہیں سیکوریٹی فراہم کریں گے ۔ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی پدیاترا ضلع جنگاؤں کے دیوا روپلا منڈل ہیڈ کوارٹر پہنچی جہاں کے مقامی بی جے پی کارکنوں نے آتشبازی کرکے بنڈی سنجے کا خیرمقدم کیا ۔ بعد ازاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ پالکرتی اسمبلی حلقہ کی پسماندگی کیلئے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار ہیں ۔ ان 8سال کے دوران حلقہ کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ مقامی نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوئے ۔ ان ریمارکس پر وہاں موجود ٹی آر ایس کارکنوں نے ناراضگی کا اظہار کرکے مرکزی حکومت کی جانب سے کتنے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا استفسار کیا ۔ اس پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی اور ان کارکنوں نے ایک دوسرے پر حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں کئی لوگ زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے مداخلت کی اور ہلکی سی طاقت کا مظاہرہ کرکے ہجوم کو منتشر کردیا ۔ ٹی آر ایس کارکنوں کے حملہ پر بنڈی سنجے نے برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور ڈی جی پی سے استفسار کیا کہ پولیس حکومت سے تنخواہ لے رہی ہے یا ٹی آر ایس قائدین سے تنخواہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے حملہ کے خلاف بطور احتجاج انہیں فراہم کی گئی سیکوریٹی سے دستبرداری کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں ان کے پارٹی کے کارکن سیکوریٹی فراہم کریں گے ۔ ٹی آر ایس کارکنوں کے بی جے پی کارکنو ں پر حملے کرنے کا پولیس کی جانب سے تماشہ دیکھنے کا الزام عائد کیا ۔ لا اینڈ آڈر کو کنٹرول کرنے میں ناکام پولیس کمشنر کو گھر میں بیٹھ جانے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی اس حملہ پر ردعمل کا اظہار کرنے کا ڈی جی پی سے مطالبہ کیا اور پدیاترا کو پُرامن انداز میں گزرنے کا موقع فراہم کرنے پر زور دیا بصورت دیگر زخمی کارکنوں کو ڈی جی پی کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیا ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر لا اینڈ آڈر بگڑ جاتا ہے تو اس کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہوگی ۔ ن