جھوٹی پارٹی صدرکی جانب سے دغا باز پدیاترا کرنے کا دعویٰ ، عوام سے معذرت خواہی پر زور
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی پدیاترا کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے اس کو جھوٹ خور پارٹی کے صدر کی جانب سے کی جانے والی دغا باز یاترا قرار دیا ۔ پدیاترا کے ذریعہ نہیں گھٹنوں کے بل چلتے ہوئے تلنگانہ کے عوام سے معذرت خواہی کرنے کا بنڈی سنجے کو مشورہ دیا ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر کو کھلے عام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ابھی ابھی سرسبز و شاداب ہونے والا ضلع محبوب نگر میں قدم رکھنے کا بنڈی سنجے کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ محبوب نگر میں پراجکٹس کو منظوری دینے کے معاملے میں مرکزی حکومت نے نا انصافی کی ہے ۔ تجاویز کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ فنڈز کی اجرائی نہیں کی جارہی ہے ۔ جس پر بنڈی عوام سے معذرت خواہی کریں ۔ کئی دہوں کے احتجاج کے بعد علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے ۔ مگر بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے ہر وعدے کو فراموش کردیا ہے ۔ جس کی بنڈی سنجے کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ کرشنا یلور مینجمنٹ بورڈ کے نام پر ایک ادارہ تشکیل دیتے ہوئے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔ بی جے پی اس سازش میں پوری طرح شامل ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے پالمور لیفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ کرناٹک میں آپر بھدرا پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا گیا ۔ مگر پالمور لیفٹ اریگیشن پراجکٹ کو نظر انداز کیا گیا اس پر تلنگانہ بی جے پی اپنا موقف ظاہر کریں۔ بی جے پی کرناٹک سے محبت کررہی ہے ۔ تلنگانہ سے انتقام لے رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے بنڈی سنجے سے استفسار کیا کہ جس مندر میں پوجا کرنے کے بعد پدیاترا کا آغاز کیا گیا اس مندر کی ترقی کے لیے مرکز سے کتنا فنڈز جاری کرائیں گے اس کی وضاحت کریں ۔ بھگوان رام ، منادر اور بھگوانوں کے نام پر سیاست کرنے کا بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیا ۔ بی جے پی کسانوں کی دشمن جماعت ہے ریاست سے دھان خریدنے سے انکار کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کسانوں کے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوجانے کے لیے مرکز کی غلط پالیسیوں کو ذمہ دار قرار دیا ۔۔ ن