ضلع کھمم میں حیرت انگیز واقعہ منظر عام پر ، عوام میں برہمی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ضلع کھمم میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں حکام نے بنک سے لیے گئے قرض کی اقساط مناسب طریقہ سے ادا نہ کرنے والے ایک شخص کی بھیڑ بکریوں کو ضبط کرلیا ہے ۔ یہ واقعہ تین دن قبل ضلع کھمم کے کسومانچی منڈل کے گوریلا پاڈو ٹانڈے میں پیش آیا ۔ جو تاخیر سے منظر عام پر آیا ہے جس سے عوام میں بنک عہدیداروں کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے ۔ متذکرہ تانڈہ کے بداوت لنگا نائیک نے کسومانچی ڈی سی سی بی برانچ سے 50 ہزار روپئے کا مدرا قرض حاصل کیا تھا ۔ مالی مسائل کے باعث لنگا نائیک نے چند ماہ سے اقساط ادا نہ کرنے پر بنک حکام نے نوٹس جاری کیا ۔ کوئی جواب وصول نہ ہونے پر پیر کے دن بینک منیجر سروانتی بنک عملہ کے ساتھ لنگا نائک کے گھر پہونچی اور قرض کے اقساط ادا کرنے پر زور دیا ۔ اس نے مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا جس پر بنک کے عہدیداروں نے قرض حاصل کرنے والے شخص کے مکان میں موجود دو بھیڑ بکریوں کو اپنی گاڑی میں سوار کرتے ہوئے بنک کو پہونچادیا ۔ جس پر لنگا نائیک بنک کو پہونچکر ادھر اُدھر سے جمع کردہ 10 ہزار روپئے ادا کیا ۔ ماباقی رقم اقساط میں ادا کرنے کا وعدہ کیا جس پر بنک منیجر نے آٹو میں بھیڑ بکریوں کو تانڈہ میں پہونچایا ۔ جب اس سلسلے میں بنک منیجر سے رابطہ کیا گیا تو سروانتی نے کہا کہ لنگا نائیک نے قرض کی اقساط برابر ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کے گھر سے بھیڑ بکریوں کو اٹھایا گیا ہے ۔۔ 2