کولکتہ۔ مغربی بنگال کے بردوان ریلوے اسٹیشن پر اس ہفتے ایک بڑے اوور ہیڈ واٹر ٹینک کے منہدم ہونے کے بعد تین افراد کی موت اور 30 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کے بعد مشرقی ریلوے نے ان تمام پانی کے ٹینکوں کا ہیلتھ آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے جو ریاست میں تنصیب کے بعدکچھ سال پرانے ہو چکے ہیں۔ریلوے کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ ایسٹرن ریلوے کے تمام اہم ڈویژنوں کا آڈٹ کیا جائے گا اور ان نتائج کی بنیاد پر ان تمام واٹر ٹینکوں کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔دریں اثنا بردوان اسٹیشن پر پانی کی ٹینک کے منہدم ہونے کے نمونوں کو فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا تھا اور نتائج دستیاب ہونے کے بعد ریلوے اس کے گرنے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات واضح کرے گا۔ریلوے کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہیلتھ آڈٹ کے لیے ایک انتہائی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔