بنگال میں اومی کرون کا پہلا کیس ۔ 7سالہ لڑکا متاثر

   

کولکاتا: : مغربی بنگال میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آیا ہے ۔مرشدآباد کے فرخا کے رہنے والے ایک 7سالہ بچے میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے ۔یہ لڑکاحال ہی میں حیدرآباد سے واپس آیا ہے ۔ چند روز قبل برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون میں کورونا وائرس پایا گیا تھا۔ خاتون برطانیہ سے دوحہ کے راستے کلکتہ ایئرپورٹ پر پہنچی تھیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ خاتون بھی اومی کرون سے متاثر ہے ۔ لیکن اب تک خاتون میں اومی کرون کی تشخیص نہیں ہوئی ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق لڑکا مشرق وسطیٰ کے ابوظہبی سے حیدرآباد واپس پہنچا اور پھر وہاں سے مرشد آباد پہنچا ہے ۔ حیدرآباد ایئیر پورٹ پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کرایا گیا تھا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے باوجود لڑکا مرشدآباد اپنے گھر آگیا ہے۔ بچے میں اومی کرون کی تصدیق ہوتے ہی محکمہ صحت متحرک ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بچے کو گھر میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد محکمہ صحت میں ہلچل مچ گئی۔ویسے ڈیلٹا کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں اومی کرون ویرینٹ کے بارے میں تشویش بڑھ گئی ہے ۔ گزشتہ دنوں دہلی میں 4 افراد میں جوکورونا وائرس سے متاثر تھے ان میں اومی کرون پایا گیا ہے ۔
اس کے ساتھ ہی دہلی میں اومی کرون کورونا حملوں کی تعداد بڑھ کر 7ہو گئی ہے ۔ مہاراشٹرا میں مزید 6نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں ملک میں اومی کرون سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 56 ہو گئی ہے ۔ اس بار مغربی بنگال بھی اس فہرست شامل ہوگیا ہے ۔اس دوران ریاست میں کورونا انفیکشن میں بھی کچھ اضافہ ہوا ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں ریاست میں 552 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی کل تعداد 18لاکھ 24ہزار 181ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 554 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔گزشتہ ایک دن میں کورونا سے 10 افراد کی موت ہوئی ہے ۔