کولکاتا، 6 جولائی (آئی اے این ایس) خلیجِ بنگال میں بننے والے دباؤ کے باعث کولکاتا اور جنوبی بنگال کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو دن تک موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ علاقائی محکمہ موسمیات (آر ایم سی) علی پور،کولکاتا نے پیر کو اس بات کی پیش قیاسی کی۔ اتوارکی دوپہر سے کولکاتا اور جنوبی بنگال کے متعدد اضلاع میں درمیانی سے شدید بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں کم دباؤ کا نظام شدت اختیار کرکے دباؤ میں تبدیل ہو چکا ہے، جو بتدریج ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔آر ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کم دباؤکے اس نظام کے اثرات کے باعث کولکاتا اور جنوبی بنگال میں کہیں کہیں شدید جبکہ بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ اتوار کی رات سے کولکاتا اور نواحی علاقوں میں مسلسل بارش جاری ہے، جس کی شدت وقتاً فوقتاً کم یا زیادہ ہوتی رہے گی، تاہم بارش کا یہ سلسلہ چہارشنبہ تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔مسلسل بارش کے باعث کولکاتا کی کئی سڑکیں زیرِ آب آگئی ہیں، جبکہ پیر سمیت آئندہ دو روز تک شہر میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔