بنگال میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ کمی

,

   


ممتا بنرجی حکومت کا اہم فیصلہ ، نئی قیمتوں پرآدھی رات سے عمل آوری ، عو ام کو راحت

کولکتہ: ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان مغربی بنگال حکومت نے بڑا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے ریاست میں ایندھن کی قیمتوں میں ایک روپے کی کٹوتی کی ہے۔ نئی قیمتوں پر آدھی رات سے عمل آوری ہوجائے گی ۔ عوام کو راحت پہنچانے کیلئے مغربی بنگال میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپئے کی کمی کی گئی ہے ۔ملک بھر میں بڑھتی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر بحث جاری ہے۔ اس درمیان مغربی بنگال حکومت نے یہ بڑا اعلان کرتے ہوئے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکار نے آج رات نصف شب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپے کی کمی کرنے کا اعلان کردیاہے جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا جو گذشتہ 13دنوں سے پٹرول او ر ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی مار جھیل رہے تھے۔۔ خاص بات یہ ہے کہ ملک کے کئی شہروں میں موٹر ایندھنوں کی قیمتیں 100 کا ہندسہ پار کر گئی ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں اور عام لوگ مسلسل مرکزی حکومت پر تنقید کرر رہے ہیں۔ میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے وزیر خزانہ امت مترا نے ایندھن کی قیمتوں کو لے کر یہ جانکاری دی ہے۔ ریاست کے دارالحکومت کولکاتہ میں اتوار کو پٹرول کی قیمت 91 روپے 78 پیسے تھی جبکہ ڈیزل 84 روپے 56 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔ قومی دارالحکومت دہلی میں اتوار کو پٹرول 90 روپے 58 پیسے فی لیٹر کے دام سے بیچا جارہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ریاست میں اس سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ وہیں ممتا سرکار کا یہ فیصلہ کافی اہم ثابت ہوسکتا ہے۔اس سے پہلے چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بھی مرکزی حکومت پر نشانہ سادھا تھا۔ انہوں نے گزشتہ پیر کو کہا تھا کہ مرکزی حکومت الیکشن سے کچھ دن پہلے قیمتوں میں کمی کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ وہ ہردن ایل پی جی اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا رہی ہے۔ یہ تشویش کی بات ہے۔ مرکزی حکومت انتخابات سے کچھ دن پہلے ہی قیمتوں میں کمی کرے گی۔خیال رہے کہ فروری میں پٹرول کی قیمت چار روپے 29 پیسے اور ڈیزل کی قیمت چار روپے 31 پیسے فی لیٹر بڑھی ہے۔ دونوں کی قیمتوں میں اس سال تقریبا 24 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔