بنگال کانگریس میں اختلافات ‘ ریلی سے اہم قائدین غائب

   

کولکتہ 20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگال کانگریس میں داخلی خلفشار آج اس وقت منطر عام پر آگیا جب ریاستی یونٹ کے کئی اہم قائدین نے سینئر لیڈر عبدالمنان کی جانب سے منعقدہ ایک احتجاجی ریلی میں شرکت نہیں کی ۔ یہ ریلی ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال کے خلاف منعقد کی جا رہی تھی ۔ اسمبلی میں قائدا پوزیشن نے اس مارچ کی قیادت کی تھی جو وسطی کولکتہ سے سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرس لال بازار تک نکالی گئی ۔ اس ریلی کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا کہ ریاست میں سیاسی جھڑپوں کو روکا جائے اور پارٹی ورکرس پر حملوں کا تدارک ہونا چاہئے ۔ ریاستی کانگریس کے صدر سومن مترا ‘ رکن اسمبلی شنکر ملاکر اور سینئر لیڈر دیپا داس منشی نے اس ریلی میں شرکت نہیں کی ۔ ذرائع کے بموجب ریاستی قیادت سے اجازت کے بغیر اس ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان قائدین نے اس میں شرکت نہیں کی ۔