بنگال کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

   

کولکاتا : جنوبی بنگال میں صبح زلزلے کے جھٹکوں سے مختلف علاقے لرز اٹھے ۔ آج صبح تقریباً 6:10بجے مغربی مدنی پور ضلع کے بنگال اڑیسہ کی سرحد پر دنتن، کھڑگپور، نارائن گڑھ، سبونگ، پنگلا، بیلڈا سمیت کئی علاقوں میں 3-4 سیکنڈ کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔آج تقریباً 6:10کے قریب خلیج بنگال میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے جھٹکے کلکتہ سمیت مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں پھیل گئے ۔ نیشنل سیسمک سینٹر (این سی ایس) نے کہا کہ زلزلہ صبح 6:10بجے آیا اور اس کی گہرائی 91 کلومیٹر تک محسوس کی گئی۔ اگرچہ زلزلے سے ہر کسی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔زلزلے کا مرکز اڈیشہ سے 175 کلومیٹر دور ہو سکتا ہے انتظامیہ پوری صورتحال کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کتنا نقصان ہوا ہے ۔ تاہم ابھی تک کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں اور مقامی حکام بھی اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو آفٹر شاکس سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا اور زلزلے سے بچنے کے لیے کچھ پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔