بنگلور ریو پارٹی میں شریک فلمسٹار ہیما گرفتار

   

حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) بنگلور میں ریو پارٹی کی تحقیقات نے اُس وقت نیا موڑ لے لیا جب تلگو فلم اسٹار ہیما کو سنٹرل کرائم برانچ نے پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق بنگلور پولیس نے آج حیدرآباد پہونچ کر ہیما کو اُن کی قیامگاہ سے گرفتار کیا اور کل بنگلور عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ہیما کی حیدرآباد یا بنگلور میں گرفتاری ٖڑ پولیس نے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ تاہم فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں عدم تعاون پر یہ گرفتاری کی گئی ۔ ریو پارٹی میں ڈرگس کے استعمال کی جانچ کرنے والی ٹیم نے ہیما کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے ہدایت دی تھی۔ ہیما نے پہلی نوٹس پر وائرل فیور کا بہانا کرکے ایک ہفتہ کا وقت مانگا تھا۔ اُنھیں دوسری نوٹس دی گئی اور اطلاعات کے مطابق وہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئی تھیں۔ بتایا گیا کہ پولیس نے ہیما کا میڈیکل ٹسٹ کیا اور گزشتہ دنوں ڈرگس کے استعمال سے متعلق ٹسٹ کی بنیاد پر اُنھیں حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے 100 سے زائد افراد کے خون کے نمونوں کو ٹسٹ کیلئے روانہ کیا تھا جس میں سے 86 کا نتیجہ پازیٹیو رہا۔ 27 مئی کو ہیما نے تحقیقاتی ٹیم کے روبرو حاضر ہونے سے گریز کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 مئی کو بنگلور میں ایک فارم ہاؤز میں پولیس نے دھاوا کرکے ریو پارٹی کو بے نقاب کیا تھا۔ پارٹی میں تلگو فلمی صنعت سے وابستہ بعض شخصیتیں شریک تھیں۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ اور اے پی سیاسی اور صنعتی گھرانوں سے وابستہ افراد بھی پارٹی میں شریک ہوئے۔ پولیس نے دھاوے میں ڈرگس کی مختلف اقسام کو ضبط کیا تھا۔ پارٹی میں ڈرگس کے استعمال کے الزام کے تحت تلگو فلم اسٹار ہیما کی گرفتاری نے ٹالی ووڈ میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس ہیما کو کل عدالت میں پیش کرے گی۔ 1