بنگلور میں بم دھماکے ، حیدرآباد میں پولیس کی چوکسی

   

حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) بنگلور کے مشہور رامیشورم کیفے میں پیش آئے بم دھماکے کے پیش نظر حیدرآباد میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ جمعہ کی دوپہر کو رامیشورم کیفے میں دو بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 10 افراد زخمی ہوئے ۔ تحقیقات میں پولیس کو یہ پتہ چلا ہے کہ ایک نامعلوم شخص کیفے میں داخل ہوکر آئی ای ڈی (بم) کے ایک بیاگ کو وہاں رکھ کر فرار ہوگیا ۔ اس دھماکہ کے بعد کرناٹک میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ اسی طرح تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد جو پڑوسی ریاست ہے میں بھی ہائی الرٹ اختیار کرتے ہوئے پولیس کمشنر حیدرآباد کے سرینواس ریڈی کی نگرانی میں پولیس تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور جگہ جگہ پر پولیس نے ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ لا اینڈ آرڈر پولیس اور ٹاسک فورس ٹیموں کی جانب سے شہر کے حساس علاقوں میں چوکسی اختیار کرتے ہوئے تلاشی لی جارہی ہے اور مشہور ہوٹلس پر بھی پولیس نے اپنی خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہاں کے عملہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی۔