ڈھاکہ: ڈالرز کی ادائیگیوں میں عدم توازن کے شکار بنگلہ دیش نے سعودی عرب سے پٹرول ادھار دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں کی ادائیگی کیلئے مؤخر اقساط کی سہولت فراہم کی جائے۔ بنگلہ دیش کے لئے 4.7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری دیدی ہے جس کیلئے پہلی قسط کے طور پر فوری 67 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ تاہم بنگلہ دیش کو پٹرول اور خوراک کی خریداری کیلئے ڈالرز کی کمی کا تاحال سامنا ہے۔ وہ اپنی ضروریات کا نصف پٹرول سعودی عرب سے خریدتا ہے لیکن ڈالرز کی کمی کے باعث ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔جس پر بنگلہ دیش نے سعودی عرب سے مؤخر اقساط میں پٹرول فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہیکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے ادائیگی میں عدم توازن کا سامنا ہے۔بنگلہ دیش کی معیشت اس وقت بھی ایشیا کی مضبوط ترین معیشتوں میں شمار ہوتی ہے تاہم روس یوکرین جنگ سے خوراک اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے ملک کو مشکلات کا سامنا ہے۔اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی کرنسی ’’ٹکا‘‘ کی قدر میں بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد کمی ہوئی ہے، جس سے پیٹرول کے تقسیم کاروں اور بجلی کی افادیت کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔