بنگلہ دیش میں ریلوے ملازمین کی ہڑتال

   

400 ٹرینیں تعطل کا شکار، مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت رک گئی
ڈھاکہ :بنگلہ دیش میں ریلوے ملازمین کی غیر معینہ مدت تک ہڑتال کے باعث مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت رک گئی ہے جب کہ ڈھائی لاکھ سے زائد مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریلوے ورکرز کی ہڑتال کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹرین سروس ملک بھر میں منگل سے بند ہو گئی ہے۔ریلوے ملازمین کی یونین کا کہنا ہے کہ جب تک پینشن اور اوور ٹائم کی ادائیگی کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا، اس وقت تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ریلوے یونین کے مطابق حکام کو پیر تک مطالبات کی منظوری کا وقت دیا ہے۔ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے 400 مسافر ٹرینیں اور 30 سے زائد مال بردار ٹرینوں کے آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔بنگلہ دیش میں ٹرین کے ذریعے یومیہ تقریباً ڈھائی لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔لوک فن کار رضا فقیر کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ٹرین کا ٹکٹ ہے اور انہیں کنسرٹ میں پہنچنا ہے۔ لیکن ٹرینوں کی بندش کی وجہ سے اب انہیں بس کا ٹکٹ خرید کر وہاں پہنچنا پڑے گا۔