بنگلہ دیش میں وزیراعظم ہاؤس سے لوٹے گئے سامان کی واپسی شروع

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں طلبا رہنماؤں کی اپیل پروزیر اعظم ہاؤس سے لوٹیگئے سامان کی واپسی شروع ہوگئی۔مظاہرین نے حساس دستاویزات، فرنیچر، الیکٹرونک آلات، زیورات اور جانوروں سمیت 500 اشیا واپس کردیں۔مظاہرے میں شامل ایک شخص وزیر اعظم ہاؤس سے بطخ اٹھا کر لے گیا تھا جو کہ اس نے پکا کر کھالی تھی، اس شخص نے بطخ کی قیمت جمع کروائی۔ایک اور شخص نے ہیرے کی نتھ اور جھمکوں سمیت دیگر زیورات لوٹائے۔ وزیراعظم ہاؤس کے کبوتر اور بلی بھی واپس کردیئے گئے ۔طلبا رہنماؤں کو وزیراعظم کی رہائش گاہ سے میک اپ بیگ لے جانے والی خاتون کی تلاش ہے۔واپس کیے گئے خفیہ دفاعی اورسکیورٹی دستاویزات محفوظ مقام پر منتقل کردی گئی ہیں اور فوج ان کی نگرانی کر رہی ہے۔لوٹے گئے سامان کی واپسی کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے گیٹ پر ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں لوگ لوٹی ہوئی اشیا جمع کروا رہے ہیں۔ 5 اگست کوبنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں اور ان کے نتیجے میں سیکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد حسینہ واجد مستعفی ہوکر ہند وستان فرار ہوگئی تھیں۔شیخ حسینہ واجد کے ہندوستان جانے کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے تھے جہاں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سامان بھی اٹھا کر لے گئے تھے۔